ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / ٍووٹر لسٹ میں نامو ں کے اندراج کیلئے جمعیۃ علماء یوپی سرگرم

ٍووٹر لسٹ میں نامو ں کے اندراج کیلئے جمعیۃ علماء یوپی سرگرم

Mon, 03 Oct 2016 19:22:15  SO Admin   S.O. News Service

صوبائی سطح پر تمام اضلاع کے ذمہ داروں واراکین سے مہم کے طور پر کام کرنے کی صدر یوپی کی اپیل
لکھنؤ، 3 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )صوبہ اترپردیش میں ووٹر لسٹ میں نئے نام شامل کرنے وتصحیح کا کام سرکاری طور پر کیا جارہا ہے۔ جمعیۃعلماء اترپردیش کے تمام اضلاع کے عہدیداران واراکین ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کا کام مہم کے طور پر کریں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس سے فائدہ حاصل کرنے کی ترغیب کے ساتھ ساتھ ائمہ مساجد کی خدمات بھی حاصل کریں ۔ یہ اپیل جمعیۃ علماء اترپردیش کے صدر مولانا محمدمتین الحق اسامہ قاسمی نے کی۔مولانا اسامہ قاسمی نے کہا کہ ووٹر فہرست میں ان نوجوان لڑکے ولڑکیوں کا نام درج کرائیں جو اٹھارہ سال کے ہوگئے ہیں۔ اور وہ لوگ جن کے نام کی تصحیح ہو نی ہے ان کے نام وغیرہ کی تصحیح بھی کی جارہی ہے یہ کام حکومت کی طرف سے کیا جارہا ہے اس لئے آسانی سے ووٹر لسٹ میں نام شامل کیا جاسکتا ہے بعد میں ضرورت پڑنے پر بہت پریشانی سے یہ کام ہوگا۔ ووٹر آئی ڈی وووٹرفہرست میں اندراج کے کام کو روا روی میں ٹالنے کا رجحان پایا جارہا ہے یہ رجحان ختم ہونا چاہئے اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا ضروری ہے اس لئے جمعیۃ علماء اترپردیش کے تمام اضلاع کے ذمہ داران واراکین اس کام کے لیے خصوصی طور پر وقت نکال کرمستعدی سے کام کو انجام دیں اور لوگوں کو بیدار کریں اور ان کی پوری مدد کریں، اگر چھٹی لینا پڑے تو اس کام کے لیے چھٹی لیں اور اپنے علاقے کے علماء وائمہ سے تعاون حاصل کریں۔ مولانا اسامہ قاسمی نے کہا کہ جمہوریت میں رائے دہندگی ہمارا آئینی حق ہے اس کے استعمال کے لیے ووٹر لسٹ میں اندراج ضروری ہے ،ووٹر لسٹ کی بنیاد پر سیاسی پارٹیاں اپنی پالیسی بناتی ہیں ،ووٹر آئی ڈی حق رائے دہی کے علاوہ دیگر سرکاری کاموں میں بھی اہمیت کی حامل ہے اور یہ ہمارے ہندوستانی ہونے کی شناخت بھی ہے اس کے نہ ہونے کے سبب ملک کے بہت سے حصوں میں مسلمانوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 


Share: